بھٹکل:7/ مارچ (ایس اؤنیوز)مضبوط و مستحکم ملک کی تعمیر کے لئے اہل رائے دہندگان اپنی حق رائے (ووٹ ) کا استعمال کرنا لازمی ہے ان کےووٹوں کے ذریعے ہی ایک ترقی یافتہ ملک کی تعمیر ممکن ہے، ان خیالات کا اظہار کاروار سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالج کی پرنسپال کلپنا کیروڈیکر نے کیا۔
وہ یہاں سرکاری ڈگری کالج کے صحن میں ضلع انتظامیہ ، رابطہ عامہ اور نشر واشاعت محکمہ اور سرکاری آرٹس اینڈ سائنس کالج کی طرف سے مشترکہ طورپر’’ووٹ ہمارا حق ‘‘موضوع پر منعقدہ سمینار کاافتتاح کرنے کے بعد خطاب کررہی تھیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر 18سے زائد عمر والے لازماً ووٹ کرتے ہیں تو ملک کی تعمیر میں معاون ثابت ہوگا۔ دنیا میں سب سے زیادہ نوجوان ہندوستان میں ہیں، ہر ایک کو چاہئے کہ وہ غفلت کئے بغیر اپنا ووٹ ڈال کر اپنا فرض ادا کریں اور ایک باشعور شہری ہونے کا ثبوت پیش کریں۔
سرکاری ڈگری کالج کے پروفیسر ڈاکٹر وینکٹ گری نے موضوع پر اپنا مقالہ پیش کرتے ہوئے کہاکہ عطیہ جات میں سب سے اہم عطیہ اپنے ووٹ کا استعمال کرناہے،ہم ووٹ کے ذریعے بھی اس ملک کی خدمت کرتے ہیں، دنیا کے سب سے بڑے ہمارے جمہوری ملک میں 85کروڑ سے زائد رائے دہندگان ہیں، اگلے انتخابات میں وی وی پیاٹس کا استعمال کیا جارہاہے جس کے تحت کوئی بھی فرد بغیر کسی شبہ کے اپنے ووٹوں کا استعمال کرسکتا ہے اور اپنے ووٹوں کی تصدیق کرسکتاہے۔
محکمہ رابطہ عامہ و نشر اشاعت کے معاون ڈائرکٹر ہمنت راجو نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ اس موقع پر گاندھی کی آواز اور روشنی کے عنوان پر ایک ٹیلی فلم نشر کی گئی ۔ ڈگری کالج کے طلبا شایان اور ناگوینی نے پروگرام کے متعلق اپنے تاثرات کا اظہار کیا۔